پیرس: فرانس کی تاریخ کے کم عمر ترین صدر ایمانوئیل میکرون نے ملک کے 25ویں صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 39 سالہ صدر میکرون کی باقاعدہ عہدہ سنبھالنے کی تقریب کا انعقاد صدارتی محل میں ہوا جہاں ان کا استقبال سابق صدر فرانسس اولاند نے کیا جب کہ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی 64 سالہ اہلیہ بریگٹی بھی تھیں۔ صدارتی محل پہنچنے پرصدر میکرون کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد انہوں نے نیپولین بوناپارڈ کے مقبرے پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے۔
صدارتی محل میں عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلے اور مختصر خطاب میں صدر میکرون کا کہنا تھا کہ یورپ اور پوری دنیا کو پہلے کے مقابلے میں اب مضبوط فرانس کی ضرورت ہے اور یہ ملک تنزلی کی طرف نہیں بلکہ ترقی کی طرف اپنا سفر گامزن کرے گا جس کے لئے لوگوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور فرانس نے ایک امید کا انتخاب کیا ہے۔
صدر میکرون نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا ملک میں روزگار کی فراہمی، کمپنیوں کا تحفظ اور ایسے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے جو نظرانداز کردیئے گئے تھے جب کہ فرانس اس صورت میں مضبوط ہوگا جب ہم خوشحال ہوں گے۔
Emoticon